کبھی آپ نے شیطان کو دھوکہ دیا ہے؟ یہ کوئی مشکل کام نہیں… بس ذرا سی ہوشیاری، ذرا سی تیزی، اور نیت میں خلوص چاہیے۔ یہ دراصل ایک بہت خوبصورت گی...
کبھی آپ نے شیطان کو دھوکہ دیا ہے؟
یہ کوئی مشکل کام نہیں…
بس ذرا سی ہوشیاری،
ذرا سی تیزی،
اور نیت میں خلوص چاہیے۔
یہ دراصل ایک بہت خوبصورت گیم ہے —
جس میں ہار شیطان کی ہوتی ہے،
اور جیت… اللہ کی رضا کی۔
یہ گیم مجھے میرے پیارے بابا جان رحمہُ اللہ نے سکھائی تھی۔
وہ فرمایا کرتے تھے:
“نیکی کو ہر وقت لمبی چوڑی سوچ میں نہ الجھایا کریں،
بس فوراً کر لیا کریں،
تاکہ شیطان کو وسوسہ ڈالنے کا موقع ہی نہ ملے۔”
*"آئیے، میں آپ کو سمجھاتا ہوں کیسے"*
📍 کبھی قضاءِ حاجت سے فراغت کے بعد ہاتھ دھوتے ہوئے
اچانک وضو شروع کر دیجیے۔
شیطان کو موقع ہی نہ دیں کہ وہ کہے:
“بعد میں کر لینا…”
“ابھی کیوں کرنا ہے…”
“یہ وضو تو رہنا بھی نہیں…”
بس بنا کچھ سوچے وضو کر لیجیے۔
آپ کے گناہ جھڑتے جائیں گے
اور شیطان سر پکڑے بیٹھا ہوگا۔
📍 گھر والوں کو اچانک مسکرا کر دیکھ لیجیے،
کسی ایک کو بلا وجہ دعا دے دیجیے۔
یہ بھی صدقہ ہے۔
📍 کبھی گھر میں آتے جاتے
اچانک جائے نماز پر کھڑے ہو جائیے،
دو نفل کی نیت باندھ لیجیے،
بغیر کسی لمبی تمہید کے،
صرف اللہ کی رضا کے لیے۔
📍 کبھی موبائل استعمال کرتے ہوئے
اچانک قرآن کی ایپ کھول کر چند آیات پڑھ لیجیے۔
📍 صدقے کا خیال آئے تو
“بعد میں” کا دروازہ بند کر دیجیے،
اور جو ابھی میسر ہے
اسی میں سے فوراً نکال دیجیے۔
📍 دل میں کسی کے لیے حسد سا ابھر آئے تو
اچانک اُس کے لیے بہترین دعا کر دیجیے۔
یہ دل کو صاف کر دیتا ہے
اور حقوق العباد کی خاموش عبادت ہے۔
📍 اذان کی آواز سن کر
نماز کو ٹالنے کے بجائے
فوراً اٹھ جائیے اور کہیے:
“لبیک یا ربّ!”
“میں حاضر ہوں، میرے اللہ!”
📍 کبھی بیٹھے بیٹھے
اچانک مسکرا کر “الحمدللہ” کہہ دیجیے۔
شکر… شیطان کی سب سے بڑی شکست ہے۔
📍 خاموشی سے کام کاج میں مصروف ہوں تو
اچانک کلمۂ طیبہ پڑھ لیجیے،
یا سورۂ اخلاص پڑھ لیجیے۔
یہ ایمان کی تازگی بھی ہے
اور توحید کا اعلان بھی،
جو شیطان کو سب سے زیادہ ناپسند ہے۔
📍 کھانا کھانے لگیں تو
اچانک ایک پلیٹ کسی اور کے لیے بھی نکال لیجیے۔
📍 کسی نے دل دکھایا ہو
اور اُس کی باتیں یاد آ رہی ہوں تو
اچانک خود سے کہہ دیجیے:
“یا اللہ! میں نے تیری رضا کے لیے اسے معاف کیا۔”
یہ نفس پر سب سے بھاری
اور اللہ کے ہاں سب سے وزنی عمل ہے۔
📍 پڑھائی یا کام کی مصروفیات میں
تھک جائیں تو
اچانک کچھ دیر کے لیے ماں باپ کے پاس جا کر بیٹھ جائیے،
مسکراتے ہوئے اُن کے ہاتھ تھام لیجیے،
اور کسی خاص موقع کا انتظار کیے بغیر
انہیں محبت سے گلے لگا لیجیے۔
خاموشی سے دعا لے لیجیے۔
یہ جنت کے خوبصورت دروازے ہیں۔
📍 اور سب سے خوبصورت لمحہ وہ ہوتا ہے
جب کسی خاص موقع کا انتظار کیے بغیر
آپ اچانک اللہ سے کہہ دیں:
“یا اللہ! میں آپ سے محبت کرتا ہوں۔
مجھے نفس اور شیطان کے شر سے بچا لیجیے۔”
ذرا تصور کیجیے…
شیطان کس قدر بےبس ہو جاتا ہوگا۔
*"یقین جانیے…"*
یہ “اچانک” والی نیکیاں
شیطان کو سب سے زیادہ پریشان کرتی ہیں
کیونکہ اسے مہلت ہی نہیں ملتی
کہ وہ نیکی کو مؤخر کروانے کا وسوسہ ڈال سکے۔
تو آج ہی سے یہ خوبصورت گیم شروع کیجیے۔
ہر اچانک کی گئی نیکی
آپ کو اللہ کے قریب
اور شیطان سے دور لے جائے گی۔ 🌸
