Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE
TRUE

Left Sidebar

False

Breaking News

latest

آپ سے زیادہ ہوشیار، قابل، تعلیم یافتہ اس ملک میں خوار گھومتے ہیں

 سراب "یہ جو اللہ تعالٰی آمدنی کی شکل میں ہر مہینے آپ کو جو رقم دیتا ہے نا" عثمانی صاحب نے چائے کی چُسکی لیتے ہوئے مجھ سے پو...



 سراب

"یہ جو اللہ تعالٰی آمدنی کی شکل میں ہر مہینے آپ کو جو رقم دیتا ہے نا" عثمانی صاحب نے چائے کی چُسکی لیتے ہوئے مجھ سے پوچھا۔

" جی عثمانی صاحب !" میں نے کہا۔

وہ کہنے لگے۔

"آپ کیا سمجھتے ہیں کہ یہ آپ کی ہوشیاری ، قابلیت اور آپ کی اعلٰی منصوبہ بندی کا صلہ ہے یا اُس انویسٹمینٹ کے بدلے میں ہے جو آپ نے کی ہے؟"

میں چپ رہا . وہ چائے کا کپ میز پر رکھتے ہوئے کہنے لگے؛ 

"آپ سے زیادہ ہوشیار، قابل، تعلیم یافتہ اس ملک میں خوار گھومتے ہیں ... آپ سے دس دس گُنا زیادہ انویسٹمینٹ کرنے والے سارا دن بیٹھے مکھیاں مارتے ہیں . کسی گاہک کا کوئی پتہ نہیں ہوتا۔"

" جی عثمانی صاحب !" میں نے کہا.

وہ گویا ہوئے.

 

آپ کو جو کچھ مل رہا ہے نا ... اُس میں آپ کے علاوہ بھی بہت سوں کے نصیب وابستہ ہیں ... آپ کے گھر میں صبح سے رات تک آپ کا جو انتظار کرتی آپ کی بیوی ہے نا، اُس کا نصیب، آپ کے بچوں کا نصیب، اُس کام والی کا نصیب جو آپ کے ہاں برتن مانجھنے آتی ہے، اُس لانڈری والے کا نصیب جہاں آپ کپڑے دھلواتے ہیں، اُس دودھ والے کا نصیب جس سے آپ دودھ لیتے ہیں، اُن راہ چلتے فقیروں کا، مانگنے والوں کا نصیب جنہیں آپ کبھی کبھار کچھ نہ کچھ دے دیتے ہیں ... وہ ریڑھی والا، وہ سبزی والا، وہ فروٹ والا، وہ اسٹور والا جس سے آپ راشن لیتے ہیں .... اُن سب کے نصیب ... یہ ایک چین ہے، یہاں تک کے اُن کبوتروں اور پرندوں کا بھی نصیب جنہیں آپ باجرہ ڈالتے ہیں۔"

 

میں چُپ چاپ اُن کا چہرہ دیکھتا رہا. وہ بولتے رہے.

"تو پھر اگر تم چاہتے ہو کہ جو کچھ تمہیں ملتا ہے، وہ ملتا رہے ... تو جو جو تم سے وابستہ ہیں، جن جن کا رزق تم سے وابستہ ہے انہیں دیتے رہو ۔ ہاتھ نہ روکو ۔ اور وقت سے پہلے دیتے رہو ۔ اُن کے مانگنے سے پہلے دیتے رہو ۔ اوپر والا تمہیں بھی تمہارے مانگنے سے پہلے دے گا۔ تجوری میں نوٹوں کی گڈّیا دیکھ دیکھ کے خوش نہ ہو، بینک اکاؤنٹ میں رقم بڑھتے ہوئے خوش نہ ہو، جائدادوں میں اضافے پر خوش نہ ہو ۔۔۔ آج ایک مکان بنا لیا، کل دوسرا، پرسو تیسرا، پہلے ایک دکان، پھر دوسری دکان، پھر تیسری ... یہ سب کیا ہے! یہ سب سراب ہے، دھوکہ ہے ... یہ کبھی نہ ختم ہونے والی بھوک ہے . اس سے بچو۔ شام ہونے والی ہے۔"

وہ بولتے رہے ... میں سنتا رہا کہ قریب کی مسجد سے آذان کی آواز آئی ۔

🔰WJS🔰