Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE
TRUE

Left Sidebar

False

Breaking News

latest

کل رات کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے کال موصول ہوئی

کل رات کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے کال موصول ہوئی۔ اکثر کالز آتی ہیں۔ لیکن بسا اوقات نیند کے غلبے کی وجہ سے پتا ہی نہیں لگ پاتیں یا پھر سستی کی...

کل رات کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے کال موصول ہوئی۔
اکثر کالز آتی ہیں۔
لیکن بسا اوقات نیند کے غلبے کی وجہ سے پتا ہی نہیں لگ پاتیں
یا پھر سستی کی وجہ سے ہم خود اٹینڈ نہیں کرتے۔
کل والی کال بہت اہم تھی۔
رات پونے چار بجے کا وقت تھا۔
سوچا اس کال کو بھی”مسڈ“ کردوں،
صبح اٹھ کر “خود” کال کرلوں گا۔
لیکن کال کرنے والے نے ہی ہمت دی اور اہمیت کا ایک خاص اندازہ دلایا۔
اٹھا، تیاری پکڑی، مصلیٰ بچھایا۔ تہجد کی نیت کی۔
سورہ فاتحہ پڑھتے ہوئے ایسا مزہ آیا کہ بیان سے باہر ہے۔
پھر خود بخود سورہ ضحی پر ہونٹ چلنے لگے۔
وَالضُّحَى
قسم ہے وقت چاشت کی،
وَاللَّيْلِ إِذَا سَجَى
قسم ہے رات کی جب پرسکون ہوجائے
(مجھے ایسا لگا جیسے اللہ اسی وقت کی قسم کھا رہے ہوں، میرے ارد گرد رات کی تاریکی انتہائی پرسکون تھی)
مَا وَدَّعَكَ رَبُّكَ وَمَا قَلَى
تیرے پروردگار نے نہ تجھے چھوڑا اور نہ تجھ سے بیزار ہوا۔
(یہ آیت نازل تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کیلیئے ہوئی تھی لیکن مجھے ایسا لگا اس وقت اللہ مجھ سے مخاطب ہوں، میں گذشتہ کچھ دنوں سے بہت فرسٹریشن کا شکار تھا، ایسا لگتا تھا جیسے اللہ میری دعائیں نہیں سُن رہا، وہ مجھ سے ناراض ہے، اس نے مجھے چھوڑ دیا ہے۔ یہ آیۃ پڑھتے ہوئے میں پھوٹ پھوٹ کر رودیا۔)
وَلَلْآخِرَةُ خَيْرٌ لَّكَ مِنَ الْأُولَى
تحقیق بعد کا دور تیرے لیئے بہتر ہے پہلے والے دور سے۔
(یہاں اللہ نے مجھے تسلی دی کہ دنیاوی معاملات میں بظاہر بہتری نظر نہ آنا کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ آنے والا دور اچھا ہے۔)
وَلَسَوْفَ يُعْطِيكَ رَبُّكَ فَتَرْضَی
عنقریب تیرا پروردگار تجھے عطا کریگا پھر تو خوش ہوجائے گا۔
(میں ابھی ہی سے خوش ہوگیا کہ میرے رب کا وعدہ ہوگیا تو سمجھو بس مِل گیا)
أَلَمْ يَجِدْكَ يَتِيمًا فَآوَى
کیا اس نے تجھے یتیم پایا تو ٹھکانہ نہ دیا؟
(بلا شبہ دیا، میں دس سال کا تھا جب میرے والد کا انتقال کینسر کے مرض میں ہوا۔ آج چودہ سال گزر گئے ہیں ، الحمد للہ میرے اللہ نے مجھے بہترین حال میں رکھا ہوا ہے۔)
وَوَجَدَكَ ضَالًّا فَهَدَى
اور تجھے پایا تھا متلاشی تو تجھے راہ نہ دکھائی؟
(بلاشبہ دکھائی ،والد کے انتقال کے بعد ہمارے پورے گھرانے میں مذہب کی طرف رجحان پیدا ہوا، جس پر میں کہتا ہوں کہ یہ مہنگا سودا نہیں ہے )
وَوَجَدَكَ عَائِلًا فَأَغْنَى
اور تجھے پایا تھا محتاج تو تجھے غنی نہ کیا؟
(ضرور کیا، والد کے انتقال کے بعد ہمارے مالی حالات بہتر نہ تھے لیکن پھر اللہ نے بہتری دی، اب اللہ کا کرم بہت سوں سے بہتر ہیں)
فَأَمَّا الْيَتِيمَ فَلَا تَقْهَرْ
تو جو یتیم ہو اُسے دبانا مت!
(ان شاء اللہ)
وَأَمَّا السَّائِلَ فَلَا تَنْهَرْ
اور سوالی کو جِھڑکنا مت!
(ایسا لگا جیسے اللہ کہہ رہے ہوں ، سوالی کو جِھڑکنے سے پہلے سوچ لینا کہ اگر ہم نے تمہیں جھڑک دیا تو کیا ہوگا؟)
وَأَمَّا بِنِعْمَةِ رَبِّكَ فَحَدِّثْ
اور اپنے رب کی نعمت بیان کرو!
(یہاں ایسا لگا جیسے اللہ کہہ رہے ہوں اس کیفیت کو لوگوں کو بتاؤ، کہ اللہ باتیں کرنے کیلیئے منتظر بیٹھا ہے۔
وہ تو کال بھی کرتا ہے۔ ہم لوگ ریسیو نہیں کرتے۔
یہ باتیں وہ ہم سب سے بیک وقت کرسکتا ہے، اور بہت سوں سے کرتا بھی ہے۔
جو رات میں اللہ کے سامنے جھولی پھیلاتے ہیں تو دن میں وہ ان کو سب سے غنی کردیتا ہے۔
اللہ! تیرا لاکھ لاکھ شکر کہ تو نے مجھے اتنے قیمتی مکالمے کیلیئے چُنا۔
از قاضی محمد حارث
(چار سال پرانی تحریر)